رگھوپتی سہائے فراق گورکھپوری کے اسلوب اور زبان وبیان

فراق کا اسلوب:

فراق گورکھپوری کی غزلوں کی ایک اور خصوصیت یہ ہے کہ انھوں نے ہندی اور سنسکرت کے نرم، سبک، شیریں، مناسب اور بر محل الفاظ کا استعمال خاص طور سے کیا ہے۔ لفظوں کے انتخاب کے سلسلے میں وہ خاصے حسن پرست واقع ہوئے ہیں۔ لفظوں کی میناکاری وہ اس انداز سے کرتے ہیں کہ ہماری جمالیاتی حس بیدار رہتی ہے، اور لفظوں کا سنگیت ہمارے کانوں میں رس گھول دیتا ہے۔ فراق گورکھپوری کا خیال ہے کہ اردو زبان کو زیادہ مالامال بنانے کے لیے ضروری ہے کہ عربی و فارسی الفاظ کی طرح ہندی اور سنسکرت کے الفاظ کے استعمال سے بھی اجتناب نہ کیا جائے۔ اس سلسلے میں ان کے خیالات ملاحظہ ہوں: ”اردو کو سنسکرت اور ہندی شاعری دونوں کی قدروں سے استفادہ کرنا ضروری ہے، صرف بھاشا کی شاعری سے استفادہ کرنا اردو شاعری کو ہندوستانی کلچر اور اس کی روح کا صحیح نمائندہ اور آئینہ دار نہیں بنا سکتا۔“

رگھوپتی سہائے فراق گورکھپوری کے اسلوب اور زبان وبیان
رگھوپتی سہائے فراق گورکھپوری کے اسلوب اور زبان وبیان

فراق گورکھپوری کی شاعری کا ایک بڑا حسن زبان کی سادگی اردو ہندی کے میٹھے اور رسیلے لفظوں کا انتخاب، نرم و نازک، سہل اور شیریں لفظوں کا گنگا جمنی سنگم، با محاورہ ٹکسالی اردو کا استعمال بھی ہے۔

فراق گورکھپوری نے نہ صرف اردو شاعری کو بلکہ اردو زبان کو بھی بہت کچھ دیا ہے۔ انھوں نے نئی نئی ترکیبیں وضع کیں، نئے استعارے خلق کیے اور پراکرت کے سیکڑوں ایسے کومل الفاظ اردو کے دائرے میں کھینچ لائے جو مدتوں سے کسی بڑے شاعر کا انتظار کر رہے تھے۔ فراق نے یوں تو طویل بحروں میں بھی خاصی غزلیں کہی ہیں، لیکن مختصر اور چھوٹی بحروں میں انھوں نے کمال کا فلسفہ نظم کر دیا ہے۔ یہ بات یقین کے ساتھ کہی جاسکتی ہے کہ مختصر بحروں میں سہلِ ممتنع کا انداز ان کی ذہنی ہم آہنگی کا واضح ثبوت ہے۔ چند اشعار نامناسب نہ ہوں گے:

فراق کا امتیاز:

فراق گورکھپوری کی غزلوں میں ایک ایسی فضا ہے جو ہماری غزلیہ روایت میں نہیں ملتی۔ اس فضا میں حزن، غم، تنہائی اور ہجر نیم تاریکی میں گفتگو کرتے ہوئے معلوم ہوتے ہیں۔ اس پوری فضا پر اسرار اور تشکیک کی دھند چھائی ہوئی ہے۔ ان کی شاعری میں غم اور دردِ ہجر کا بیان ایسی کیفیت طاری کر دیتا ہے جو صرف محسوس کی جاسکتی ہے، اسے لفظوں کی گرفت میں لینا ممکن نہیں ہوتا:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *