الطاف حسین حالی کی شاعری کی امتیازی خصوصیات

الطاف حسین حالی ایک ایسے نظم گو شاعر ہیں جنہوں نے نظم کے موضوعات کو وسیع کیا اور اپنی نظموں کو اپنے دور کے سماج کا عکاس بنا دیا۔ یہ کیفیت سب سے پہلے حالی کی نظموں میں ہی دکھائی دیتی ہے۔ وہ اپنی مثنویوں، نظموں، شخصی مرثیوں اور شہر آشوب کے ذریعہ قدرتی مناظر کے ساتھ ساتھ اپنے زمانے کے وطنی، ملی، سماجی اور معاشرتی مناظر کی بھی نمائندگی کرتے ہیں۔

الطاف حسین حالی کی شاعری کی امتیازی خصوصیات
الطاف حسین حالی کی شاعری کی امتیازی خصوصیات

 

اگرچہ الطاف حسین حالی پابند نظم کے شاعر ہیں اور ان کے موضوعات بھی محدود ہیں مگر ان میں تازگی ہے، ’وقت کی پکار‘ ہے۔ عصری تقاضے اور ضروریات ہیں۔ ان کی نظموں میں اکثر جگہوں پر خطیبانہ رنگ جھلک کر سامنے آجاتا ہے۔ حالی کا یہ کمال ہے کہ انہوں نے نظم کو بیانیہ شاعری سے قریب کر کے قدیم اور جدید کے امتزاج کی کامیاب کوشش کی۔ مرثیے کی صنف واقعاتِ کربلا کی حد تک محدود تھی اس قدیم انداز کو جدید انداز سے ہم آہنگ کرتے ہوئے حالی نے مرثیہ کی صنف کو شخصی مرثیوں کی جہت عطا کی۔

اردو مثنوی کے موضوعات بھی اب تک بندھے ٹکے تھے۔ حالی نے مثنوی کو نئے نئے موضوعات سے روشناس کروایا۔ اس کے بعد مثنوی جیسی روایتی صنف حالی کے کلام میں داخل ہو کر ایک زندہ صنف کا درجہ حاصل کر لیتی ہے۔ مولانا حالی نے نعتیہ کے علاوہ دوسرے دو ایک قصیدے بھی لکھے۔ فطری طور پر انہیں قصیدے سے کوئی لگاؤ نہیں تھا۔ مقدمہ میں تو انہوں نے قصیدے کی مذمت کی ہے۔ اسلوبِ سخن میں بھی حالی نے غیر شعوری طور پر بڑی تبدیلیاں لائی ہیں۔ انہوں نے زبان کو سلاست اور سادگی عطا کی۔ صنعتوں کے استعمال اور تکلفات سے زبان کو آزاد کیا۔ ہندی اور انگریزی کے وہ الفاظ جو بول چال میں شامل ہیں، بے محابہ استعمال کیے۔ حالی کی شاعری میں یہ موضوعاتی اور لسانی تبدیلیاں منصوبہ بند طریقے سے در آتی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *