حضرت مولانا محمد مراد فاروقی مظفر نگریؒ

حضرت مولانا محمد مراد فاروقی مظفر نگریؒ دارالعلوم کے اولین فضلاء میں تھے۔ مدرسہ مرادیہ مظفر نگر کے تا عمر صدر مدرس تھے۔ حضرت بابا فرید گنج شکرؒ کی اٹھارویں پشت میں تھے۔

۱۲۸۲ھ / ۱۸۶۵ء میں پاک پٹن کے قریب ایک گاؤں امب میں پیدا ہوئے۔ لاہور میں اردو اور فارسی کی تعلیم حاصل کی۔ دہلی میں حافظ غلام رسول ویراں سے عربی ابتدائی کتابیں پڑھیں اور پھر علی گڑھ جا کر حضرت مولانا لطف اللہ کے حلقۂ درس میں شامل ہو گئے۔ رام پور میں مولانا ارشاد حسین سے بھی کچھ کتابیں پڑھیں۔ آخر میں دارالعلوم دیوبند میں پانچ سال رہ کر علوم کی تکمیل کی اور ۱۲۸۸ھ / ۱۸۷۱ء میں فراغت حاصل کی۔ 

حضرت مولانا محمد مراد فاروقی مظفر نگریؒ
حضرت مولانا محمد مراد فاروقی مظفر نگریؒ

انہوں نے زمانہ طالب علمی ہی میں اپنی خدا داد ذہانت، حصول علم میں غیر معمولی محنت اور علمی استعداد کے لحاظ سے ممتاز حیثیت حاصل کر لی تھی۔ ۱۲۹۰ھ / ۱۸۷۳ء میں ایک سال تک دارالعلوم میں تدریسی خدمات بھی انجام دیں۔ حضرت نانوتیؒ کے ذریعہ مظفر نگر کی جامع مسجد حوض والی میں قائم ہونے والے مدرسہ میں صدر مدرس مقرر کیے گئے۔ آپ نے پوری زندگی درس و تدریس میں گزاری، مظفر نگر میں آپ کی مسند تدریس چالیس سال تک بچھی رہی۔ یہ مدرسہ آپ ہی کی طرف منسوب ہو کر مدرسہ مرادیہ کے نام سے معروف ہوا۔

 ۳ / رجب ۱۳۳۲ھ / ۲۸ / مئی ۱۹۱۴ء کو عین جمعہ کی اذان کے وقت وفات پائی اور مسجد شاہ اسلام مظفر نگر کے احاطہ میں مدفون ہوئے۔

 مآخذ:

 تاریخ دارالعلوم دیوبند، دوم، ص ۳۰؛ دارالعلوم دیوبند کی صد سالہ زندگی، ص ۱۰۸

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *