حضرت لقمان کی نصیحتیں
حکمت سے مسکین لوگ بادشاہ بن جاتے ہیں
حضرت لقمان حکیم کا ایک قول یہ بھی مروی ہے کہ خدا تعالیٰ کو جب کوئی چیز سونپ دی جاتی ہے تو اللہ تعالیٰ اس کی حفاظت کرتا ہے آپ نے اپنے بیٹے سے یہ بھی فرمایا تھا کہ حکمت سے مسکین لوگ بادشاہ بن جاتے ہیں۔
آپ کا فرمان ہے کہ جب کسی مجلس میں پہنچو پہلے اسلامی طریق کے مطابق سلام کرو پھر مجلس کے ایک طرف بیٹھ جاو۔ دوسرے نہ بولیں تو تم بھی خاموش رہو۔ اگر وہ لوگ اللہ کا ذکر کریں تو تم ان میں سب سے زیادہ حصہ لینے کی کوشش کرو اور اگر گپ شپ شروع کر دیں تو تم اس مجلس کو چھوڑ دو۔
مروی ہے کہ آپ اپنے بچے کو نصیحت کرنے کے لئے جب بیٹھے تو رائی کی بھری ہوئی ایک تھیلی اپنے پاس رکھ لی تھی اور ہر ہر نصیحت کے بعد ایک دانہ اس میں سے نکال لیتے یہاں تک کہ تھیلی خالی ہوگئی تو آپ نے فرمایا بچے اگر اتنی نصیحت کسی پہاڑ کو کرتا تو وہ بھی ٹکڑے ٹکرے ہو جاتا، چنانچہ آپ کے صاحبزادے کا بھی یہی حال ہوا۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں حبشیوں کو دیکھا کہ ان میں سے تین شخص اہل جنت کے سردار ہیں، لقمان حکیم، نجاشی اور بلال موذن۔ (تفسیر ابن کثیر ۴: ۱۹۰، ۱۹۱)