حضرت عائشہ فقیر کو مال بھی دیتی تھیں اور دعا بھی
ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کے پاس جب کوئی سائل آتا اور دعائیں دیتا جیسا کہ سائلین کا طریق ہے تو ام المومنین بھی اس فقیر کو دعائیں دیتیں اور بعد میں کچھ خیرات دیتیں۔
کسی نے کہا اے ام المومنین ! آپ سائل کو صدقہ بھی دیتی ہو اور جس طرح وہ آپ کو دعا دیتا ہے اسی طرح آپ بھی دعا دیتی ہو۔
ام المومنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا : کہ اگر میں اس کو دعا نہ دوں اور فقط صدقہ دوں تو اس کا احسان مجھ پر زیادہ رہے گا۔ اس لئے کہ دعا صدقے سے کہیں بہتر ہے۔ اس لئے دعا کی مکافات دعا سے کرتی ہوں تا کہ میرا صدقہ خالص رہے کسی احسان کے مقابل میں نہ ہو۔