اخبار (نیوز پیپر)
اخبارات ہماری روز مرہ زندگی کا ایک اہم حصہ بن چکے ہیں۔ الکٹرانک ذرائع ابلاغ کی وسعت کے باوجود اخبار کی مقبولیت برقرار ہے لیکن اخبار پڑھنے والے بہت کم لوگ اخبار کے کام کی نوعیت سے واقف ہوتے ہیں۔
کسی طرح محدود وقت اور صفحات میں اخباری عملہ اپنے قارئین کو تازہ ترین خبریں بہتر سے بہتر انداز میں فراہم کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
اس پاسٹ میں ہم ان تمام چیزوں کو پڑھیں گے جو ایک مبتدی صحافی کو سب سے پہلے جاننا ضروری ہوتا ہے اور ان باتوں کے جاننے سے آپ کو اس بات کا اندازہ ہو جائے گا کہ مستقبل کے صحافیوں کو عملی زندگی میں کن کن پیچیدگیوں اور پریشانیوں سے دو چار ہونا پڑتا ہے۔
اخبار کے کام کی نوعیت
اخبار میں ہر روز کام جنگی خطوط پر ہوتا ہے۔ ایک وقت مقرر کر دیا جاتا ہے جسے انگریزی میں ہم dead line کہتے ہیں۔
اس وقت مقررہ پر تمام خبروں کی تیاری مکمل ہو جانی چاہئے ۔ ورنہ اس کا اثر طباعت یعنی پرنٹنگ میں تاخیر کی صورت میں سامنے آئے گا۔ نتیجتا اگر صبح وقت پر قارئین کو اخبار نہیں پہونچ پائے گا۔
لہذا ایک صحافی کے لئے یہ بے حد ضروری ہے کہ وہ کام سرعت کے ساتھ بھی کرے مگر اس عجلت میں وہ کسی غلطی کی گنجائش بھی نہ چھوڑے۔
اخبار کے مختلف شعبے
کام کی نوعیت کی بنیاد پر کسی بھی اخبار کے دفتر میں انجام دیئے جانے والے امور کو حسب ذیل شعبوں میں تقسیم کیا جاتا ہے:۔
- شعبہ ادارت
- شعبہ کمپیوٹر
- شعبۂ اشتہارات
- شعبۂ اشاعت
- شعبه نظم و نسق عامہ
- شعبۂ طباعت
ان شعبوں کی تمام تفصیلات جاننے سے قبل یہ بات واضح کرنا ضروری ہے کہ اخبار کا ایڈیٹر ان تمام شعبوں کا سر براہ ہوتا ہے لیکن بالخصوص اردو اخبارات میں چونکہ اخبار کا مالک ہی اس کا ایڈیٹر ہوتا ہے، اس لئے مختلف شعبوں کو علیحدہ علیحدہ عہدہ داروں کے سپرد کر دیا جاتا ہے۔
اخبار کا اہم ترین شعبہ ہے شعبہ ادارت۔ اس شعبہ کی ذمہ داری اگر راست ایڈیٹر کے تحت نہ ہو تو ایسی صورت میں جوائنٹ ایڈیٹر ، اسوسی ایٹ ایڈیٹر ، اگزیکیٹیو ایڈیٹر کو اس کی ذمہ داری تفویض کر دی جاتی ہے۔
اسی طرح اشتہارات اور مارکیٹنگ ، سرکیولیشن اور پرنٹنگ کے بشمول انتظامی امور کی نگرانی منیجنگ ایڈیٹر کرتا ہے۔
شعبه ادارت بالعموم نیوز ایڈیٹر کے تحت کام کرتا ہے۔ رپورٹنگ کا شعبہ کسی بھی اخبار کے لئے رگ جاں کی حیثیت رکھتا ہے۔ بیورو چیف اس کا سر براہ ہوتا ہے۔
سب ایڈیٹر یا نائب مدیر اور رپورٹر صحافت کی بساط کے ایسے مہرے ہیں جو کسی بھی اخبار کی بازی کو فتح سے ہمکنار کر سکتے ہیں۔ اخباری دفتر میں عہدے کے اعتبار سے کام کی تقسیم کے مختصر جائزے کے بعد آئیے اب اخبارات کے مختلف شعبوں کی کارکردگی اور ان کے فرائض کا تفصیلی جائزہ لیں۔
شعبه ادارت
اس شعبہ کو دو ذیلی شعبوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے۔
- خبروں سے متعلق شعبہ
- غیر خبری شعبہ
خبروں سے متعلق شعبہ
یہ خبروں سے مربوط مواد سے نمٹنے والا شعبہ ہے۔ یہاں پر مقامی ، علاقائی ، قومی و بین الاقوامی خبروں کا ترجمہ ، ایڈیٹنگ اور کمپوزنگ کا کام کیا جاتا ہے۔
غیر خبری شعبه
اس شعبہ کی زیرنگرانی ادارتی صفحہ کی تیاری عمل میں آتی ہے اداریے لکھے جاتے ہیں، خیالات اور آراء پر بنی مضامین ، مراسلے ترتیب پاتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہفتہ وار پیمنٹس (ضمیمے ) میں شائع ہونے والے مضامین فیچرس اور کالس کی ترتیب و تیاری اسی شعبہ کے ذمہ ہوتی ہے۔
شعبہ ادارت میں انجام دیئے جانے والے امور
مجموعی طور پر ہم کہہ سکتے ہیں کہ شعبہ ادارت درج ذیل امور انجام دیتا ہے۔
- خبریں جمع کرنا
- خبروں اور فیچرس کا انتخاب
- خبروں اور فیچرس کی ایڈیٹنگ
- خبروں کا ترجمہ
- خبروں کو قابل فہم بنانا
- اہم مضامین کا انتخاب
- اداریہ نویسی و غیره