اخبار میں ادارتی عملہ
اخبار میں ادارتی کتنے عملے ہوتے ہیں؟ ان کے ذمہ کیا کیا کام ہوتے ہیں ؟ آئیے اس شعبہ سے وابستہ عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہیں۔
ایڈیٹر:
کسی اخبار میں ایڈیٹر کا کلیدی رول ہوتا ہے۔ اخبار میں شائع ہونے والے تمام تر امور کی ذمہ داری اسی کی ہے۔ خواہ وہ اخبار کا اداریہ ہو یا خصوصی سپلمنٹس میں شائع ہونے والا کوئی فیچر، سبھی ایڈیٹر کی زیر نگرانی ترتیب پاتے ہیں۔
مگر روزانہ ایک مکمل اخبار کو ترتیب دینا تنہا ایڈیٹر کے بس کا روگ نہیں۔ اس کام کے لئے اس کے کئی ماتحتین موجود ہوتے ہیں جو درج ذیل ہیں۔
- ایسوسی ایٹ ایڈیٹر
- منیجنگ ایڈیٹر
- نیوز ایڈیٹر
- نامه نگار ور پورٹر
- سب ایڈیٹرس
- فوٹو گرافرس
- کارٹونسٹ
- فیچر نگار وغیره
ایڈیٹر اپنے ماتحتین کی قابلیت و صلاحیت سے بخوبی واقف ہوتا ہے۔ وہ ان کی صلاحیتوں کے مطابق ان سے کام لینا چاہتا ہے۔ وہ خبروں کی دلچسپ انداز میں پیشکشی سے خوب واقف ہوتا ہے۔ دنیا بھر میں ہونے والے اہم واقعات پر اس کی گہری نظر ہوتی ہے۔ وہ یہ بھی جانتا ہے کہ اس کے قارئین کو کس طرح کے خبروں کی ضرورت ہے۔
اخبار کا کام چونکہ اجتماعی نوعیت یعنی Team Work کا ہوتا ہے۔ اس لئے مختلف شعبوں کے درمیان بہتر تال میل کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس لئے ایڈیٹر کی نگرانی میں مختلف شعبوں کے سربراہان اور سینئر ارکان کی ایک میٹنگ طلب کی جاتی ہے جس میں اخبار کی روزانہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ اس میٹنگ کا مقصد اخبار کو مجموعی اعتبار سے مزید بہتر بنانا ہوتا ہے۔ اخبار کی تیاری ، طباعت اور تقسیم کے مراحل میں در پیش مسائل کا حل تلاش کیا جاتا ہے۔ ادارتی صفحہ خصوصاً ادار یہ لکھنے یا لکھوانے کی ذمہ داری ایڈیٹر کی ہوتی ہے۔ عموماً اداریہ وہی لکھتا ہے۔ اگر جوائنٹ ایڈیٹر یا سب ایڈیٹر اداریہ لکھیں تو اشاعت کے لئے ایڈیٹر کی منظوری لازمی ہوتی ہے۔ بعض اوقات خصوصی اور موضوعاتی نوعیت کے اداریہ ان امور کے ماہرین سے لکھوائے جاتے ہیں۔
ایڈیٹر اس بات کا پورا پورا خیال رکھتا ہے اور ادار یہ اخبار کی پالیسی کی ترجمانی کرتا ہو۔
نیوز ایڈیٹر:
اخبار کا بیشتر کام نیوز ایڈیٹر کی زیر نگرانی انجام پاتا ہے۔ اخبار کے دفتر کو خبریں مختلف ذرائع سے موصول ہوتی ہیں۔ ان تمام خبروں کا مطالعہ کرنے کے بعد وہ اپنے قارئین کے مزاج کے مطابق اہم خبروں کا انتخاب کرتا ہے اور سب ایڈیٹرس میں کام کی تقسیم کرتا ہے۔
وہ اشاعت کے لئے مقررہ وقت یعنی Dead Line تک کام کی تکمیل کی جدو جہد میں لگا رہتا ہے۔ کسی خبر کو کتنا نمایاں یا کسی صفحہ پر کتنے کالموں میں شائع کیا جائے، اس کا فیصلہ بھی وہی کرتا ہے۔ خبر کو مناسب سرخی لگانا یا سب ایڈیٹر کی لگائی سرخی کو منظوری دینا اس کے فرائض میں شامل ہے۔
بیورو چیف:
یہ رپورٹروں کی ایک پوری ٹیم کا سر براہ ہوتا ہے۔ وہ رپورٹروں میں کام کی تقسیم کرتا ہے۔ بیورو چیف تمام اہم مقامی خبروں کے حصول کو یقینی بناتا ہے۔ اس کے کیبن میں مختلف تنظیموں اداروں وغیرہ کی جانب سے روانہ کردہ دعوت ناموں کا انبار ہوتا ہے۔ بیورو چیف ان میں سے اپنے قارئین کے لئے اہم سرگرمیوں کا انتخاب کر کے ان کی رپورٹنگ کے لئے اپنے رپورٹروں میں کام کی تقسیم عمل میں آتی ہے۔ یہی نہیں جس وقت کام کا بوجھ زیادہ ہو یا کوئی بے حد اہم واقعہ کی رپورٹنگ کی جانی ہو، بیورو چیف خود اس واقعہ کی رپورٹنگ کے لئے جاتا ہے تا کہ اپنے تجربے کی روشنی میں کسی واقعہ سے جڑے حقائق کو بہتر انداز میں قارئین کے سامنے لایا جا سکے۔
رپورٹر:
یہ کسی اخبار کا باقاعدہ ملازم ہوتا ہے جو مقامی خبروں کی رپورٹنگ کے لئے مامور کیا جاتا ہے۔ رپورٹر کے لئے یہ لازم ہے کہ اپنی رپورٹ میں واقعیت پسندی یا Objectivity کا ثبوت دے۔ اپنی طرف سے کسی رائے یا تبصرہ کا اضافہ نہ کرے۔ کسی واقعہ کو بے کم و کاست بیان کر دے اور کسی ایک فریق کی طرفداری سے مکمل طور پر گریز کرے۔ تبھی وہ خود کو ایک اچھار پورٹر ثابت کر پائے گا۔
سب ایڈیٹر:
سب ایڈیٹر کی ذمہ داری اخبار کی اشاعت کے سلسلہ میں کافی اہم ہوتی ہے۔ جو خبریں رپورٹر کے توسط سے وصول ہوتی ہیں یا جو خبر میں اضلاع کے نامہ نگار روانہ کرتے ہیں ، ان کی نوک پلک سنوارنا اس کے ذمہ ہوتا ہے۔ خبروں کے انداز پیشکش کو بہتر بنا کر زیادہ سے زیادہ لوگوں کے لئے خبر کو قابل فہم بنانا سب ایڈیٹر کے اہم فرائض میں سے ایک ہے۔ وہ خبر کو قابل اشاعت بناتا ہے۔ سرخی لگاتا ہے۔ ضرورت کے مطابق خبر میں اضافہ یا تخفیف کرتا ہے۔ مطلب یہ کہ اگر ضروری تفصیلات خبر میں موجود ہوں تو ان کو حذف کرتا ہے اور ضروری اضافے کرتا ہے۔
سب ایڈیٹر میں کن خوبیوں کا ہونا ضروری ہے۔
- سب ایڈیٹر کو رائے عامہ سے گہری دلچسپی ہونی چاہئے ۔ ماضی اور حال کے جملہ حالات سے واقفیت اس کے کام کو نکھار دیتی ہے۔
- وہ معاملہ فہم ، بلند نظر اور اپنے قارئین کے مزاج کو جاننے والا ہو۔
- وہ ایک ضابطہ پسند اور انصاف پسند شخص ہو۔
- وہ کام میں پھرتیلا ہوتا کہ طے شدہ وقت پر کام کو انجام دے سکے۔
- وہ دور اندیش ہو اور ہر کام کو درستگاری اور کاملیت سے کرنے کا عادی ہو۔
- وہ اپنا کام بے دلی یا بے زارگی کے ساتھ نہ کرے۔ نہ ہی کسی نظریے کے زیر اثر آئے ۔ وہ اپنی ذہنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا جانتا ہو۔
- معلومات عامہ سے اسے دلچسپی ہونی چاہئے ۔ سیاسی معلومات کا شوق رکھتا ہو۔
- اپنے نظریات کو قارئین پر مسلط نہ کرے۔
- ملک کے آئین کے اہم نکات سے واقف ہو ۔ بنیادی حقوق کی تفصیلات سے واقف ہو۔ اخبارات سے متعلق تمام ضروری قوانیان اور جدید ترین ترامیم سے واقفیت بھی ضروری ہے۔
- زبان پر اسے عبور ہونا ضروری ہے۔ اردو اخبارات کے سب ایڈیٹر کے لئے ایک اچھا ترجمہ نگار ہونا لازمی ہے۔
- اگر رپورٹر حقائق کے بیان کرنے میں کوئی غلطی کرتا ہے تو اس کی اصلاح کرنا سب ایڈیٹر کی ذمہ داری ہے۔
غرض ایک رپورٹر اور سب ایڈیٹر دونوں ہی کو خبر شناسی کی اہلیت ہونی بے حد ضروری ہے۔ اس کے علاوہ وضاحت چوکسی تیز رفتاری، تجسس ، دوراندیشی ، دیانت داری بے خوفی و بے باکی، مصلحت پسندی، متحرک و با کمال شخصیت کا حامل ہونا چاہئے۔
کمپیوٹر ڈپارٹمنٹ
آج کل انگریزی و دیگر اخبارات میں رپورٹر و سب ایڈیٹر راست کمپیوٹر پر کام کرتے ہیں۔ لیکن اردو اخبارات میں خبروں کی ٹائپنگ کے لئے علحدہ سے آپریٹر مامور ہوتے ہیں جو پیچ میکنگ یعنی صفحہ سازی کے فرائض بھی انجام دیتے ہیں۔ سب ایڈیٹر خبریں تحریر کر کے شعبہ کمپیوٹر کے حوالے کر دیتا ہے۔ یہاں سے خبریں ٹائپنگ اور پیچ میکنگ کے بعد طباعت کے لئے بھیج دی جاتی ہیں۔