ماحولی نظام (Ecosystem)

اصطلاح ماحولی نظام (Ecosystem) کو سب سے پہلے برطانوی ماہر ماحولیات A.G.Tansley نے 1935ء میں پیش کیا ان کے مطابق ”کسی مخصوص علاقے کے تمام حیاتی اور غیر حیاتی اجزا کے مابین باہمی تعلق ماحولی نظام کہلاتا ہے۔“ اس سے واضح ہوتا ہے کہ ماحولی نظام ایک ایسا جغرافیائی خطہ ہے جس میں تمام حیاتی اور غیر حیاتی عوامل ایک دوسرے سے جڑے ہوتے ہیں اور ان کے درمیان ہم آہنگی پائی جاتی ہے، ٹینسلی کے پیش کردہ مفروضہ کے بعد مختلف ماہرین ماحولیات نے اپنے اپنے نظریات پیش کئے۔ Karl Mobius (1877) نے اس کے لئے متوازی اصطلاح حیاتی اشتراک (Biocoenosis) پیش کیا۔ ان کے بعد S.A.Fobes (1987) نے اصطلاح ارضی حیاتی اشتراک (Geoviocoenosis) پیش کئے۔ مختلف سائنس داں ماحولی نظام کے مختلف عوامل پر کام کرتے رہے اور اپنے اپنے نظریات پیش کرتے رہے جس میں وہ تقریباً یکساں نظریات کو بیان کرتے رہے جس میں نظام کا مطلب ایک دوسرے سے ہم آہنگ ہو کر مخصوص روابط استوار کرنا ہے۔ دیکھئے شکل 2.1 جس میں ایک عام ماحولی نظام کو بتایا گیا ہے۔

ماحولی نظام اور اجزاء
ماحولی نظام

کسی بھی حیاتی سماج میں موجود جاندار ایک دوسرے سے رابطہ قائم رکھتے ہیں یہ تعلق ان کی زندگی کے افعال اور ماحول پر مشتمل ہوتا ہے یہ افعالی ساختی سماجی نظام ماحولی نظام (Ecosystem) یا ماحولیاتی نظام (Eocological System) کہلاتا ہے۔ یہ ماحولیات کی بنیادی فعالی اکائی ہے جس میں حیاتی اور غیر حیاتی ماحولی عناصر شامل ہو کر ایک دوسرے پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ George Usher (1965) کے مطابق ایک مخصوص علاقے کے ماحولیاتی نظام میں پودے، حیوانات اور ماحولی عناصر شامل ہوتے ہیں جنہیں ماحولی نظام (Ecosystem) کہتے ہیں۔ ماحولی نظام میں ایک دوسرے سے ہم آہنگ ہونے والے اور ایک دوسرے پر انحصار کرنے والے اجزا شامل ہوتے ہیں جو آزادانہ ایک دوسرے سے رابطہ قائم رکھتے ہیں۔ اس لحاظ سے ماحولی نظام کی آسان تعریف یوں بھی بیان کی جاتی ہے کہ ”خود پر انحصار کرنے والا نباتات اور حیوانات کا وہ سماج جو ان کے اپنے ماحول میں رہتا ہے، ماحولی نظام کہلاتا ہے۔“ ماحولی نظام بہت چھوٹا بھی یعنی ایک قطرے کے برابر جس میں خورد بینی عناصر موجود ہوتے ہیں خورد بینی ماحولی نظام (Micro ecosystem) کہلاتا ہے۔ اور بڑے سے بڑا سمندر بھی ماحولی نظام ہوتا ہے۔ ماحولی نظام عارضی بھی ہوتا ہے، جیسے کاشت کی گئی فصلیں، عارضی پانی کا ذخیرہ وغیرہ اور مستقل بھی ہوتا ہے جیسے جنگلات یا سمندر وغیرہ۔ ماحولی نظام میں حیاتی اور غیر حیاتی اجزا ایک دوسرے سے مستقل عمل میں رہتے ہیں اور ایک دوسرے سے اپنی ضروریاتی زندگی کی چیزیں حاصل کرتے رہتے ہیں۔ سب سے بڑا ماحولی نظام حیاتی کرہ (Biosphere) کہلاتا ہے۔ یہ بہت وسیع و عریض نظام ہے کیونکہ اس میں جنگلات، سمندر، سبزہ زار، صحرا وغیرہ موجود ہیں۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ ماحولی نظام میں مختلف ساخت کے حیاتی اور غیر حیاتی اجزا شامل ہو کر ایک دوسرے پر انحصار کرتے رہتے ہیں۔ ان انحصار کی وجہ سے ماحولی نظام میں توانائی کا بہاؤ ہوتا ہے یہ توانائی کا بہاؤ ہر ایک اجزا کی استطاعت پر منحصر ہوتا ہے، اس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ ماحولی نظام یہ توانائی کو تشکیل دینے والا نظام ہے جس میں توانائی، تغذیات کی شکل میں موجود رہتی ہے۔

 ماحولی نظام کے اجزاء (Components of Ecosystem)

ماحولی نظام دراصل وہ نظام ہوتا ہے جس میں بے شمار حیاتی اور غیر حیاتی اجزا شامل ہوتے ہیں اور یہ تمام ایک دوسرے پر انحصار کرتے ہیں ان کا انحصار اس لئے ضروری ہوتا ہے کہ اس وجہ سے وہ تمام کے تمام اپنے زندگی کے مراحل ایک دوسرے کی مدد سے مکمل کرتے ہیں مثلاً، نباتات حیوانات سے کاربن ڈائی آکسائیڈ حاصل کر کے باہر آکسیجن کا اخراج کرتے اور حیوانات اس آکسیجن کی بنیاد پر اپنا عمل تنفس مکمل کرتے ہیں۔ نباتات اور حیوانات کو ہوا، پانی، مٹی وغیرہ کی ضرورت ہوتی ہے اور یہ تمام کے تمام ماحولی نظام کے اجزا کہلاتے ہیں۔ اس بناء پر ماحولی نظام کے دو اہم اجزا بنائے گئے ہیں پہلے ایک غیر حیاتی اجزا (Abiotic Components) اور دوسرے حیاتی اجزا (Biotic Components)۔ غیر حیاتی اجزا میں مختلف گیسیں جیسے کاربن ڈائی آکسائیڈ، آکسیجن کے علاوہ مختلف نامیاتی (Organic) اور غیر نامیاتی اجزا جیسے کاربوہائیڈریٹس، پروٹین وغیرہ شامل ہیں۔ یہ تمام کے تمام ماحولی نظام کو متوازن رکھنے کے لئے ضروری ہیں کیونکہ جاندار بہت سارے زندگی کے مراحل طے کرنے کے لئے ان پر انحصار کرتے ہیں۔

ماحولی نظام کے حیاتی اجزایہ مکمل طور پر مختلف اقسام کے ذی حیات ہوتے ہیں۔ غذائی اعتبار سے کچھ ذی حیات اپنی غذا خود تیار کرتے ہیں انہیں خودتغذی (Autotrophs) کہتے ہیں جب کہ کچھ جاندار دیگر اجزا پر اپنی غذا کا انحصار کرتے ہیں انہیں دیگر تغذی (Heterotrophs) کہتے ہیں، جیسے نباتات سورج کی روشنی کی مدد سے شعاعی ترکیب کا عمل کر کے اپنی غذا تیار کرتے ہیں ان پودوں کو بہت سارے حیوانات اپنی غذا کے طور پر استعمال کرتے ہیں ساتھ ہی کئی خوردبینی ذی حیات (Micro Organisms) بھی ان پودوں پر اپنی غذا کا انحصار کرتے ہیں۔ اس بنیاد پر حیاتی اجزا کو پیدا کنندگان (Producers)، صارفین (Consumers) اور تجزیہ کار (Decomposers) کہتے ہیں۔ حیاتی اجزا اور غیر حیاتی اجزا مخصوص انداز میں ایک دوسرے سے جڑ کر ایک مخصوص ساخت کا ماحولی نظام بناتے ہیں جب ہم ماحولی نظام کی ساخت کا مطالعہ کرتے ہیں تو کسی بھی قسم کے ماحولی نظام میں ہر ایک جز کا مخصوص کردار ہوتا ہے جو اس ماحولی نظام کے لئے فائدہ مند ہوتا ہے اور اسی کی بنیاد پر ماحولی نظام اپنے کام کرتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *