تنہا تاجر کے خصوصیات یا خدوخال

تنہا تاجر کے چند اہم خصوصیات کو ذیل میں بتلایا گیا۔ 

  1. تنہا ملکیت
  2. مالک کاروبار سے جدا نہیں 
  3. لامحدود ذمہ داریاں 
  4. نفع و نقصان کا اکیلا حقدار 
  5. آسان تشکیل 
  6. کنٹرول 
  7. سرمایہ 
  8. استحکام 
  9. انتظامیہ 
  10. رازداری 
  11. تحریک
تنہا تاجر کے خصوصیات یا خدوخال
تنہا تاجر کے خصوصیات

ذیل میں ہر ایک پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ہے 

تنہا ملکیت 

تنہا ملکیت، تنہا تاجر کی بنیادی اور اہم خصوصیت ہے۔ اس قسم کے کاروبار میں ایک ہی شخص کاروبار کا مالک ہوتا ہے۔ کاروبار کی حکمت عملی خود ہی اختیار کرتا ہے۔ یہ کاروبار کے تمام راز محفوظ رکھتا ہے۔ تجارتی اشیاء کی خرید و فروخت، ذخیرہ اندوزی، قیمت سازی وغیرہ میں کامل اختیارات رکھتا ہے اس پر لازم ہے کہ وہ سرکاری اصولوں کی روشنی میں کاروبار انجام دیں غیر قانونی کاروبار کی اجازت نہیں ہوتی۔

مالک کاروبار سے جدا نہیں

تنہا تجارت میں تاجر ہی کاروبار کا مالک ہوتا ہے اس لیے تجارت کو مالک سے علیحدہ نہیں کر سکتے۔ مالک سے ہی کاروبار کا عروج و زوال منسلک ہوتا ہے۔ تجارتی ترقی سے مالک کو معاشی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ تجارت کی ترقی و وسعت کے لئے مالک ہر ممکنہ کوشش کرتا ہے کاروبار کی تمام سرگرمیوں میں بذات خود شریک ہو کر کامیابی سے ہمکنار ہونے کی کوشش کرتا ہے اور مالک کی معمولی غلطی بھی کاروبار کے نقصان کا سبب بنتی ہے اس لیے مالک کو تجارت سے جدا نہیں کیا جاسکتا۔

لامحدود ذمہ داری 

 لامحدود ذمہ داری تنہا تاجر کی اہم خصوصیت ہے تنہا تجارت میں ایک ہی شخص کاروبار کا مالک ہوتا ہے اس لئے نفع و نقصان کا خود ہی ذمہ دار ہوتا ہے کاروبار کے نقصانات یا دیوالیہ کی صورت میں مکمل واجبات کی ادائیگی تنہا تاجر پر عائد ہوتی ہے واجبات یا ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے رقومات کی عدم فراہمی کی صورت میں لازم ہے کہ وہ اپنے اثاثے، مکان، گاڑی، وغیرہ فروخت کر کے رقم ادا کریں۔ اس طرح تنہا تاجر پر لامحدود ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

نفع و نقصان کا ذمہ دار 

 تنہا تجارت میں تاجر ہی کاروبار کا مالک ہوتا ہے۔ اس لئے مالک ہی نفع و نقصان کا خود ذمہ دار ہوتا ہے کاروبار سے حاصل فوائد سے خود ہی مستفید ہوتا ہے اس طرح نقصان کی صورت میں تاجر ہی نقصان کو برداشت کرتا ہے۔ نقصانات سے محفوظ رہتے ہوئے بیش ترین منافع حاصل کرنے کی حکمت عملی اختیار کرتا ہے۔ منافع کمانا تاجرین کا انعام ہوتا ہے منافع ہی تاجرین کو تجارت سے جوڑے رکھتا ہے۔

آسان تشکیل

آسان تشکیل تنہا کاروبار کی اہم خصوصیت ہے۔ شراکتی کاروبار یا دیگر کاروبار کے مقابلے میں تنہا کاروبار کو قائم کرنا کافی آسان اور سہولت بخش ہوتا ہے۔ تنہا تجارت کے قیام کے لیے زیادہ قانونی کاروائیوں کی ضرورت نہیں ہوتی۔ تنہا تاجر اپنی معاشی موقف واستطاعت کے اعتبار سے آسانی سے کاروبار کو قائم کر سکتا ہے اس قسم کے کاروبار کے قیام کے لیے کوئی زائد قانونی شرائط نہیں ہوتے اس لیے تنہا تاجر کو قائم کرنا کافی آسان ہوتا ہے۔

کنٹرول 

 تنہا تاجر ہی کاروبار کا مالک ہوتا ہے اس لیے وہ کاروبار پر کنٹرول کرتے ہوئے کاروبار کے تمام سرگرمیوں پر خود ہی گہری نظر رکھتا ہے۔ کنٹرول بھی کاروباری پالیسی کا حصہ ہوتا ہے۔ کاروبار کی موزونیت ترقی واستحکام کو مد نظر رکھتے ہوئے کنٹرول کا موزوں طریقہ اختیار کرتا ہے۔ کاروبار چھوٹا ہونے پر خود ہی تمام ذمہ داریوں کو سنبھالتا ہے جبکہ کاروبار وسیع ہونے پر ملازمین کو تنخواہ پر رکھتے ہوئے ان کے ہر کام کی نگرانی کرتا ہے ماتحت یا ملازمین مالک کی نگرانی وہدایت کے مطابق خدمات انجام دیتے ہیں۔ اس طرح تنہا تاجر کاروبار کے ہر چھوٹے و بڑے افعال پر نگرانی کرتا ہے۔

سرمایہ 

 سرمایہ کاروبار کا ایک بنیادی عامل ہے سرمایہ کے بغیر کاروبار کا وجود ممکن نہیں اسی لئے کاروبار میں سرمایہ کو خون کا رتبہ حاصل ہے۔ کاروبار کی نوعیت کے اعتبار سے سرمایہ مشغول کیا جاتا ہے۔ تنہا تاجر اپنی ذاتی صلاحیت و استطاعت کے مطابق کاروبار میں سرمایہ مشغول کرتا ہے تنہا تاجر کی سرمایہ فراہم کی صلاحیت محدود ہوتی ہے کسی بھی شخص یا تاجر کے پاس محدود مالیاتی وسائل ہوتے ہیں تاجر اپنے محدود وسائل کی مدد سے کاروبار میں اس طرح سرمایہ کاری کرتے ہیں جس سے تاجر کو بیش ترین منافع حاصل ہو سکے۔ منافع سرمایہ کاری کے لیے ترغیب کا باعث ہوتا ہے۔ کاروبار اور اس کی نوعیت کے اعتبار سے سرمایہ مشغول کرنے پر ہی تاجر کو فائدہ حاصل ہوتا ہے۔

استحکام 

کاروبار کی ترقی تاجر کی صلاحیت پر منحصر ہوتی ہے۔ مالک کی ذہنی صلاحیت، کاروباری افعال انجام دینے کی صلاحیت، تندرستی، دور اندیشی، پیش قیاسی وغیرہ مختلف ایسی صفات ہیں جو تنہا تجارت کی ترقی واستحکام میں مرکزی کردار ادا کرتے ہیں۔ ایک قابل منظم تاجر کی تجارت میں تیز رفتار ترقی واستحکام پیدا ہوتا ہے۔ تاجر منافع کمانے کے ساتھ ساتھ کاروبار کو مستحکم کرنا چاہتا ہے اس مقصد کے تحت مختلف اوقات میں کاروبار کی کامیابی کے لیے حکمت عملی اختیار کرتا ہے تنہا تجارت میں استحکام پیدا کرنا آسان ہوتا ہے۔

انتظامیہ 

تنہا تاجر اپنی تجارت کا خود منتظم ہوتا ہے کاروبار کی تمام انتظامی سرگرمیوں کو خود ہی انجام دیتا ہے۔ کاروبار کے لیے مال کی خریدی، ذخیرہ اندوزی، قیمت سازی، ادھار پالیسی، گاہکوں سے روابط، ادھار خرید وفروخت پالیسی، دیگر تاجرین سے روابط وغیرہ مختلف میدان میں خود ہی منتظم کا کردار ادا کرتا ہے۔ تنہا تاجر کا انتظام کافی آسان اور سہولت بخش ہوتا ہے۔

رازداری 

تاجر اپنے کاروباری راز کا افشا نہیں کرتے تنہا تجارت میں کاروباری راز اکیلے شخص کے پاس ہی ہوتے ہیں۔ تنہا تاجر اپنی کاروباری راز کا افشا نہیں کرتا ایک کامیاب تاجر اپنی کاروباری راز کو افراد خاندان یا گھریلو افراد لڑکا، لڑکی وغیرہ سے بھی کہنے سے گریز کرتے ہیں کاروباری معاملات کو تنہا تجارت میں صحیح اور بہتر طور پر راز میں رکھا جا سکتا ہے۔ شراکتی کاروبار میں کاروباری راز تمام شرکا کے درمیان ہوتے ہیں اور اس میں راز افشا ہونے کے قوی امکانات پائے جاتے ہیں۔

تحریک 

سارے کاروبار کا ایک شخص مالک ہوتا ہے وہ تمام منافعوں کا حقدار ہوتا ہے اور نقصانات بھی برداشت کرتا ہے، اس قسم کے کاروبار میں محنت اور نفع میں راست تعلق ہوتا ہے اگر وہ کاروبار کی کامیابی کے لیے زیادہ محنت ومشقت کرے گا تو نفع بھی زیادہ ہو گا زیادہ نفع کا کاروبار کی توسیع کے لیے تحریک کا باعث ہے کیونکہ وہی تمام نفع کا مالک ہوتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *